Jan ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • یمنی افواج کا سعودی اڈے العند پر میزائل حملہ، دو سو سے زائد فوجی ہلاک، دسیوں لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹر اور بھاری ہتھیار جل کر راکھ

سعودی اتحاد کے العند فوجی اڈے پر یمنی افواج کے میزائلی حملے میں بلیک واٹر کے کمانڈر سمیت سیکڑوں فوجی ہلاک ہو گئے ۔

یمنی ذرائع کے مطابق جنوبی یمن کے صوبہ لحج میں سعودی اتحاد کے العند فوجی اڈے پر یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے میزائلی حملے میں سعودی اتحاد کے سیکڑوں فوجی ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں سب سے زیادہ نقصان سوڈان کا ہوا ہے جس کے دو سو فوجی مارے گئے ہیں۔ یمنی ذرائع کے مطابق حملے میں بدنام زمانہ امریکی سیکورٹی کمپنی بلیک واٹرکے بہت سے افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں سعودی اتحاد میں شامل امریکا کی اس بدنام زمانہ کمپنی کا نیا کمانڈر، کرنل نیکلوس پیٹرس بھی شامل ہے۔

رپورٹوں کے مطابق یمنی فوج نے ایک بیلسٹک میزائیل کے ذریعے العند فوجی اڈے میں موجود تیل کے ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں سعودی اتحاد کے دو سو سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کے ساتھ ہی دسیوں لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹر اور بھاری ہتھیار جل کر راکھ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کا وار آپریشن روم بھی اس حملے میں نیست و نابود ہوگیا۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ مارب میں غلطی سے اپنے ہی افراد پر بمباری کر دی جس میں درجنوں سعودی زرخرید ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ اسی کے ساتھ یمنی افواج نے صوبہ مارب میں سعودی حکومت کے اتحادیوں کے ایک حملے کو پسپا کر دیا ہے ۔ اس لڑائی میں بھی سعودی اتحاد کے دو درجن سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

ٹیگس