Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • کابل میں افغان پولیس کے ایک مرکز کے باہر خودکش حملہ، درجنوں جاں بحق اور زخمی

کابل میں افغان پولیس کے ایک مرکز کے باہر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بیس ہو گئی ہے۔

افغانستان کے پولیس حکام نے ابتدائی طور پر ایک شخص کے ہلاک اور گیارہ کے زخمی ہونے کی خبری دی تھی لیکن کابل سے ملنے والی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دھماکے میں بیس افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ افغان ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

کابل پولیس کے ترجمان محمد اسماعیل کاؤسی نے بتایا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے شہر کے مغربی علاقے دہ مزنگ میں واقع محکمہ پولیس کی عمارت کے سامنے لائن میں کھڑے لوگوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ طالبان نے دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل کے دہ مزنگ میں پولیس مرکز پر ہونے والا خودکش حملہ ان کے کارندے نے کیا ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران کابل اور افغانستان کے دیگر علاقوں میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

بیس جنوری کو کابل کے درالامان روڈ پر ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں سات افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں کہ جب حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے عالمی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ پاکستان، افغانستان، چین اور امریکہ پر مشتمل چار فریقی گروپ حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات شروع کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس