لبنان: ضاحیہ کے علاقے میں حزب اللہ کے مجاہدین الرٹ
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ضاحیہ علاقے میں حفاظتی تدابیر سخت کرنے کے مقصد سے اس ملک کی فوج اور سیکورٹی فورس کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کے مجاہدین بھی الرٹ ہوگئے ہیں۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق ضاحیہ میں داخلے کے پینتیس سے زیادہ راستوں پر فوج اور سیکورٹی فورس کی چیک پوسٹیں قائم کی جا چکی ہیں اور اس کے علاوہ حزب اللہ کے مجاہدین بھی دہشت گرد گروہوں خصوصا داعش کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر اس علاقے میں تعینات ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ کے مجاہدین دہشت گرد گروہوں کے ممکنہ حملوں کی روک تھام کے مقصد سے مسلسل الرٹ ہیں۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں لبنان کی فوج کے علاوہ حزب اللہ کے مجاہدین کی بھرپور موجودگی ہے اور اسی وجہ سے دہشت گرد اس علاقے کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہیں۔
اس سے قبل لبنان کے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور محمد فنیش نے کہا تھا کہ لبنان کی سیکورٹی فورسز اور استقامت کا مستحکم رابطہ دہشت گرد گروہوں پر ضرب لگانے اور ان کے نیٹ ورک کو توڑنے پر منتج ہوا ہے۔
بارہ نومبر سنہ دو ہزار پندرہ کو شیعہ آبادی والے علاقے ضاحیہ میں دو دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے تھے جن میں چوالیس افراد شہید اور دو سو سے زیادہ زخمی ہوئےتھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے ان دونوں دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔