بحرینی عوام کے پرامن مظاہرے، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
بحرینی شہریوں نے پرامن مظاہرے کرکے جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بحرینی عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر نکل کر آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین، اپنے ہاتھوں میں جمعیت الوفاق کے سکریٹری جنرل شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بحرینی عوام کی انقلابی تحریک کی پانچویں سالگرہ یعنی چودہ فروری کی تاریخ جیسے جیسے قریب آرہی ہے عوامی مظاہروں کا دائرہ بھی وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے بھی اپنے تشدد آمیز اور ظالمانہ اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس وقت بحرین کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور فوجیوں کو جگہ جگہ تعینات کر دیا گیا اور چیک پوسٹیں قائم کرکے لوگوں کی آمد و رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ آل خلیفہ کے کارندوں نے عام شہریوں کے گھروں پر حملے اور چھاپوں کی کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔
بحرین میں مختلف خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے پچھلے چند روز کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ یاد رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے عوام کی انقلابی تحریک، پرامن طریقے سے جاری ہے جس کے دوران بحرینی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں، انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں، حتی اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ، ڈاکٹروں، نرسوں اور مختلف طبقے کے لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے ۔