عراق: سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ
عراقی ذرائع نے صوبہ صلاح الدین میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے ساتھ عراق کی فوج اور رضاکار فورس کی جھڑپ کی خبر دی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے صوبہ صلاح الدین کے شمال میں واقع مکحول پہاڑوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس جھڑپ میں دہشت گرد گروہ داعش کے متعدد عناصر ہلاک اور ان کی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ عراق کے بہت سے فوجی جوان صوبہ نینوا میں واقع موصل شہر کی آزادی کے آپریشن میں حصہ لینے کے مقصد سے جمعے کے دن مخمور شہر سمیت اس صوبے کے آپریشنل سیکٹروں میں داخل ہوگئے ۔
عراق کے ایک آپریشنل کمانڈر نجم عبدالجبور نے کہا ہے کہ موصل کی آزادی کا آپریشن بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کو کچلنے میں اب تک بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں۔