سعودی عرب میں حکومت مخالف مظاہرے
سعودی عرب کے الشرقیہ صوبے میں حکومت کے خلاف وسیع احتجاجی مظاہرہ ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے الشرقیہ صوبے میں واقع شیعہ آبادی والے علاقے عوامیہ میں حکومت کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرہ ہوا ہے۔ یہ مظاہرہ سعودی پولیس کے ہاتھوں عوامیہ کے ایک بحرینی شیعہ نوجوان علی محمود عبداللہ کے قتل کے خلاف کیا گیا۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے محمود عبداللہ پر سعودی سیکورٹی فورس پر مسلحانہ حملے اور تخریبی کارروائی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ سعودی پولیس اور فوج نے محمود عبداللہ اور اس کے رشتہ داروں کے گھروں پر حملہ کر کے محمود عبداللہ کو قتل اور چھبیس دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ عوامیہ کے مقامی لوگوں نے سعودی وزارت داخلہ کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود عبداللہ ہرگز مسلح نہیں تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے شیعہ آبادی والے علاقے عوامیہ میں گزشتہ پانچ سال سے پرامن عوامی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مقامی باشندے سعودی عرب میں وسیع امتیازی سلوک کے خاتمے اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ریاض نے سعودی شیعہ اقلیت کے خلاف جارحانہ اور ظالمانہ پالیسیاں اختیار کر رکھی ہیں اور سعودی اہلکار پرامن احتجاج کو بے دردی سے سرکوب کر رہے ہیں جس کے دوران اب تک کئی افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہو چکے ہیں۔