Feb ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • مشرقی افغانستان میں خودکش دھماکہ،11 ہلاک،40 زخمی

مشرقی افغانستان کے صوبے کنڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں گیارہ افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق یہ دھماکہ کنڑ کے صدر مقام اسدآباد میں اس وقت ہوا جب موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو صوبائی گورنر ہاؤس اور پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں افغان ملیشیا کے کمانڈر سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حملے میں چالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

صوبائی گورنر واحد اللہ کلیم زئی نے کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے زیادہ تر عام شہری، راہگیر یا پھر قریبی پارک میں کھیلنے والے بچے ہیں۔ تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ عام طور پر طالبان کو افغانستان میں ہونے والے ایسے حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ حملہ قبائلی رہنما اور ملیشیا کمانڈر حاجی خان جان پر کیا گیا جو اس واقعے میں مارے گئے ہیں۔ حاجی خان جان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے گذشتہ برس ضلع اسدآباد میں طالبان کے خلاف کی جانے والی متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا تھا ۔

ٹیگس