یمن کے خلاف جنگ میں دسیوں سعودی فوجیوں کی ہلاکت
یمنی فوج نے سعودی عرب کی جارحیتوں کے جواب میں دسیوں سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے صوبہ مآرب میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے فوجی ٹھکانوں کو تباہ کرتے ہوئے کم سے کم پچیس سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
یمنی فوج نے ملک کے شمال مغربی صوبے حجہ کے شہر حرص میں بھی ایک بڑا آپریشن کر کے اس شہر کو سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں سے آزاد کرا لیا۔ یمن کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ تعز کے ذیاب میں سعودی فوجیوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا ہے۔
ادھر صوبہ الجوف میں بھی یمنی فوج نے سدبار کے علاقے میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملے کو پسپا کر دیا۔ اس درمیان اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے صوبہ حجہ کے رہائشی علاقوں پر ایک بار پھر بمباری کی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے ہفتے کو یمن کے دارالحکومت صنعا کے ایک پرہجوم بازار پر کی گئی بمباری کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے اس حملے میں دسیوں عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے تھے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بان کی مون نے صنعا کے بازار خلقہ پر ہوائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سکریٹری جنرل کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی بار بار اپیلوں کے باوجود شدید ہوائی حملے جاری ہیں جن کی وجہ سے بان کی مون کو سخت تشویش لاحق ہے۔