شام میں پارلیمانی انتخابات کے لئے گیارہ ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل
شام میں پارلیمانی انتخابات کے لئے گیارہ ہزار سے زیادہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل کئے جانے کی اطلاعات ہیں
اطلاعات کے مطابق شام کے الیکشن کمیشن نے ملک میں پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کئے جانے کی مدت ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں نشست حاصل کرنے کے لئے ملک کے مختلف صوبوں میں گیارہ ہزار دوسو اکتالیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔
انتخابات سے متعلق ایک کمیٹی جمعرات سے پانچ دنوں تک، داخل کئے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرے گی۔
شام کے صدر بشار اسد نے ایک فرمان جاری کرکے ملک میں پارلیمانی انتخابات کے لئے تیرہ اپریل دو ہزار سولہ کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ شام میں چودہ صوبے ہیں اور شامی عوام چار سال کے لئے دو سو پچاس اراکین پارلیمنٹ کا انتخاب کریں گے۔ شام میں اس سے پہلے دوہزار بارہ میں پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے جو ملک کے آئین کے بارے میں ہونے والے ریفرینڈم کے بعد ہوئے تھے۔