عراق: صوبہ الانبار میں متعدد دہشت گرد ہلاک
عراق کی فوج نے صوبہ الانبار کے شہر رمادی کے مشرقی علاقے میں آپریشن کر کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق الانبار کے آپریشنل کمانڈر اسماعیل حلاوی نے ہفتے کے دن کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے پندرہ عناصر رمادی کے مشرقی علاقے پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے جن کو عراقی فوجیوں نے ہلاک کر دیا ہے۔ کبیسہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کے بعد اس گروہ کے زیادہ تر عناصر صوبہ الانبار کے شہر ہیت کی جانب فرار ہو گئے ہیں۔
عراق سے ملنے والی ایک اور خبر کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان محمد شبر نے کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے جنوبی فلوجہ میں واقع الثرثار اور النعیمیہ نامی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے وسیع حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس آپریشن میں عراق کے تین فوجی جاں بحق اور سترہ زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکار موصل شہر کو آزاد کرانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ دہشت گرد گروہ داعش نے جون دو ہزار چودہ سے اس شہر پر قبضہ کر رکھا ہے۔