Mar ۱۳, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب و بحرین کے حکومت مخالف رہنماؤں کو رہا کیا جائے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرین میں حکومت مخالفین کے ساتھ آل خلیفہ حکومت کی جانب سے برتے جانے والے جارحانہ سلوک کی مذمت کرتے ہوئے حکومت مخالف رہنما کو فوری طور پر رہا کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

پریس ٹی وی نے اتوار کے روز رپورٹ دی ہے کہ بحرین میں آل خلیفہ نے، حکومت مخالفین کے خلاف جارحانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں فاضل عباس نامی حکومت مخالف رہنما کو جیل میں بند کرنے سے متعلق آل خلیفہ حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت مخالف بحرینی رہنما فاضل عباس کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بحرین کی حکومت، مخالفین کی تحریک کو کچلنے کے لئے جارحانہ طریقوں پر عمل کر رہی ہے۔

اس عالمی ادارے نے سعودی عرب میں بھی شہید شیخ باقر النمر کے نوجوان بھتیجے علی محمد النمر کی سزائے موت پر عمل روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سعودی عرب کی آل سعود حکومت نے انھیں حکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کرنے کی بناء پر گرفتار کر کے جیل میں بند کر دیا تھا۔ سعودی عرب کی عدالت نے علی محمد النمر کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو چاہئے کہ وہ، شیخ باقر النمر کے سترہ سالہ بھتیجے علی محمد النمر کی سزائے موت پر عمل کرنے سے گریز کرے اس لئے کہ شدید ایذاؤں کے تحت اعترافات کروائے جانے کے علاوہ اس سترہ سالہ نوجوان کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔

ٹیگس