Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
  • بحرین: انسانی حقوق کی سرگرم کارکن زینب الخواجہ کو ان کے شیر خوار بچے کے ساتھ ایک بار پھر گرفتار کر لیا  گیا

بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن زینب الخواجہ کو ان کے شیر خوار بچے کے ساتھ ایک بار پھر گرفتار کر لیا ہے۔

بحرینی ذرائع ابلاغ کے مطابق زینب الخواجہ کو شیر خوار بچے کے ساتھ پیر کے روز ان کے گھر سے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہیں اس سے پہلے بھی کئی بار گرفتار کیا جا چکا ہے اور بحرین کی نمائشی عدالتوں نے انہیں قید اور جرمانے کی سزائیں بھی سنائی ہیں۔

زینب الخواجہ کو سن دو ہزار چودہ میں جیل کے ایک ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے اور سرکاری اہلکار کی توہین کے الزام میں نو ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

انہیں عالی سٹی میں شاہی حکومت کے خلاف ہونے والے ایک مظاہرے میں شرکت کے جرم میں تین سال قید اور تین سو دینار جرمانے کی بھی سزا سنائی جا چکی ہے۔

اس سے پہلے ان پر قومی پرچم کی توہین کا الزام عائد کر کے دو سو دنیار جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

زینب الخواجہ نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزمات کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ زینب الخواجہ کے والد عبدالھادی الخواجہ بھی بحرین کی شاہی حکومت کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ  رہے ہیں۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ہادی الخواجہ پر شاہی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ٹیگس