Mar ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • برسلز حملے شام کے بارے میں مغرب کی غلط پالیسی کا نتیجہ ہیں: بشار الجعفری

اقوام متحدہ میں شام کے خصوصی نمائندے اور جنیوا مذاکرات میں شام کے مذاکراتی وفد کے سربراہ بشار الجعفری نے کہا ہے کہ برسلز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے دہشت گردوں اور بحران شام کے بارے میں مغرب کی غلط پالیسی کا نتیجہ ہیں۔

روئٹرز کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق بشار الجعفری نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ برسلز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے دہشت گردوں اور بحران شام کے بارے میں مغرب کی غلط پالیسی کا نتیجہ ہیں۔ انھوں نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ جنیوا میں اس دور کے مذاکرات نے سفارتی تعطل کو ختم کر دیا ہے۔

بشار الجعفری نے مزید کہا کہ انھوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ سے کہا ہے کہ شام یورپی یونین سے چاہتا ہے کہ وہ دمشق کا بائیکاٹ ختم کرے اور شام میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولے۔

اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار الجعفری نے مزید کہا کہ اگرچہ شام کا مذاکراتی وفد مذاکرات کے اگلے دور میں شرکت کے لیے جنیوا واپس جائے گا لیکن انھوں نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی میستورا سے کہہ دیا ہے کہ وہ تیرہ اپریل کو شام کے انتخابات سے قبل مذاکرات نہیں کر سکتے۔

ٹیگس