افغان حکومت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے طالبان گروہ کی آمادگی
طالبان گروہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان افغان حکومت کے ساتھ اپنے پاس موجود قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان قاری محمد یوسف احمدی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان گروہ نے افغان حکومت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں غیرجانبدار عالمی اداروں سے ابتدائی مذاکرات کیے ہیں اور وہ ان کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔
طالبان کے اس ترجمان نے مزید کہا کہ افغان حکومت قیدیوں کے تبادلے پر یقین نہیں رکھتی ہے اور ان کے بقول اس نے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔
قاری محمد یوسف احمدی نے اس بیان میں دعوی کیا ہے کہ مثال کے طور پر تیئیس جنوری کو طالبان نے اپنے زیرکنٹرول علاقے میں افغانستان کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا اور کئی افغان فوجیوں کو گرفتار کر لیا اور طالبان نے افغانستان کے بعض قبائلی سرداروں کی درخواست پر ان کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی لیکن افغانستان کی قومی حکومت نے اپنی آمادگی کا اعلان نہیں کیا۔
بعض باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے لیے طالبان کی جانب سے آمادگی کا اعلان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کے انعقاد کی سمت ایک قدم ہے۔