یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر عرب لیگ کی تاکید
عرب لیگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اٹھارہ اپریل کو کویت میں یمنی فریقوں کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات کی حمایت کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق عرب کے لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے کویت کے نائـب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صباح خالد حمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب لیگ، بحران یمن کے خاتمے کے لئے یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتی ہے۔ انھوں نے یمنی فریقوں سے اپیل کی کہ وہ، خلیج فارس تعاون کونسل کی کوششوں سے طے کئے جانے والے لایحہ عمل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر بائیس سولہ کی بنیاد پر بحران یمن کا خاتمہ کرنے کے لئے تعمیری مذاکرات شروع کریں۔
عرب کے لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے اسی طرح یمن کو سیاسی بحران سے باہر نکالنے کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ کے منصوبے پر بھی عرب لیگ کی حمایت کا اعلان کیا۔