صیہونی حکومت کے مقابلے میں مزاحمت جاری رہے گی، تحریک حماس
تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کا واحد ذریعہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں مزاحمت کا عمل جاری رکھنا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے یوم الارض کی مناسبت سے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی، فلسطینی امنگوں کو پورا کروانے اور فلسطینی علاقوں کو غاصبوں کے چنگل سے آزاد کرائے جانے کا بہترین طریقہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں مزامحت کا عمل جاری رکھنا ہے۔
تحریک حماس نے مقبوضہ علاقوں خاص طور سے بیت المقدس میں حقائق کو تبدیل اور اسلامی مقدسات اور آثار کو مٹانے سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کی اسٹریٹیجک فکر میں صیہونی غاصبوں کا متحدہ طور پر مقابلہ کرنا شامل ہے۔
تحریک حماس نے تمام اسلامی و عرب ملکوں اور قوموں سے مطالبہ کیا کہ وہ، صیہونی غاصبوں کی جارحیت و خطرات کے مقابلے میں سرزمین فلسطین، فلسطینی قوم اور فلسطین کے اسلامی مقدسات کے تحفظ کے لئے ایک لایحہ عمل تیار کرنے کے بارے میں اپنے فرائض و ذمہ داریوں پرعمل کریں۔
تحریک حماس نے فلسطینیوں کی وطن واپسی کو ایک مقدس حق قرار دیا اور یوم الارض کے پروگرام میں وسیع پیمانے پر شرکت کرنے کے باعث، انّیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں آباد فلسطینیوں کی قدردانی کی۔
واضح رہے کہ بدھ تیس مارچ کو تمام فلسطینی علاقوں میں یوم الارض منایا گیا۔