شام: پالمیرا کے بعد قریتین شہر کا ایک بڑا حصہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد
شامی فوج نے صوبہ حمص میں اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے پالمیرا شہر کے بعد اب قریتین نامی شہر کے بڑے حصے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے خبر دی ہے کہ شامی فوج نے پالمیرا کی آزادی کے بعد ہی قریتین شہر کو بھی آزاد کرنے کے لئے کارروائی شروع کر دیا ہے-
تازہ ترین خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے قریتین شہر کے ایک بڑے حصے کو دہشت گردوں سےپاک کر دیا ہے-
شامی فوج نے اس کارروائی میں داعش کے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ قریتین شہر کی آزادی کے بعد صوبہ حمص کا مشرقی علاقہ پوری طرح دہشت گردوں سے آزاد ہو جائے گا -
اس درمیان صوبہ حلب سے بھی خبر ہے کہ شامی فوج نے حلب کے جنوبی مضافات میں جبہۃ النصرہ ، اجناد الشام ، جیشں الفاتحین اور جندالاقصی جیسے دہشت گرد گروہوں پر کاری ضرب لگائی ہے-
ادھر رقہ میں داعش کے ٹھکانوں پر شامی فضائیہ نے بمباری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔