Apr ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • شام کے وزیراعظم، وائل الحلقی
    شام کے وزیراعظم، وائل الحلقی

شام کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایران اور شام کے ہمہ گیر تعاون نے علاقے کے لیے صیہونی- امریکی منصوبوں کے مقابل استقامت و پائیداری کے محور کو مضبوط بنایا ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق، وائل الحلقی نے اتوار کے روز دمشق میں ایران کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں کہا کہ شام کی حالیہ کامیابیاں ایران اور شام کے دو طرفہ تعاون کا نتیجہ ہیں۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے تاریخی اور اسٹریٹیجک تعلقات کی گہرائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور شام کے دو طرفہ تعلقات نے شامی قوم اور مزاحمت کی توانائیوں کو مضبوط بنانے اور ان میں اضافہ کرنے اور ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کے نتائج کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایران کے پارلیمانی وفد کے سربراہ امیر خجستہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران، شام کی قوم اور رہنماؤں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے اسی طرح امید ظاہر کی کہ شامی عوام، دشمنوں کو شکست دے کر غیرملکی مداخلت کے بغیر اپنے ملک کی تعمیر نو کریں گے۔

اس رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے تمام شعبوں میں تعاون کے مواقع اور سرمایہ کاری کے منصوبوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں تباہ شدہ بعض حصوں کی تعمیرنو کے ذریعے شام کی تعمیرنو کے مرحلے میں ایرانی کمپنیوں کے کردار کا جائزہ لیا۔

ٹیگس