May ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکہ ایران کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے،  امیرسعید ایروانی

امریکہ یمن کے خلاف اپنی فوجی جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لئے ایران کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، یہ انتباہ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام مکتوب میں یمن کے بارے میں سلامتی کونسل کے تیرہ مئی دوہزار چوبیس کے اجلاس میں امریکی مندوب کے ایران مخالف دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ان جھوٹے دعووں کا محرک سیاسی اور اُن کا مقصد یمن کے خلاف واشنگٹن کی مسلسل جارحیت کا جواز پیش کرنا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ امریکی مندوب نے ایک بار پھرسلامتی کونسل کا پلیٹ فارم یمن کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے خلاف واشنگٹن کے غیر قانونی اقدامات اور جارحیت کے لئے غلط جواز تراشنے کے لئے استعمال کیا ہے۔
امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بےبنیاد دعووں کو صراحت کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے اس سے قبل پندرہ جنوری، انیس فروری اور اٹھارہ مارچ کے مکتوب میں بھی واضح کیا تھا کہ ایران یمن کے تعلق سے سلامتی کونسل کی قرار دادوں کا پابند ہے اور ان قرار دادوں کے منافی وہ کوئی اقدام نہیں کرتا۔

ٹیگس