چابہار معاہدے پر امریکی اعتراضات مودی کی جانب سے مسترد
ہندوستان کے وزیراعظم مودی نے چابہار بندرگاہ پروجیکٹ کے بارے میں ایران اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے امریکی اعتراضات کو مسترد کردیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں ایران کے ساتھ چابہار پروجیکٹ کے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں ایران میں ہندوستان اور ایران کی جانب سے بہت بڑا فیصلہ لیا گيا جو ہندوستانی میڈيا کی شہ سرخیوں میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے لئے ہندوستانی وزیر، ایران کی چابہار بندرگاہ میں تھے، انہوں نے واضح کیا کہ چابہار بندرگاہ کے پروجیکٹ کے بارے میں حتمی معاہدہ ہوگیا ہے۔
ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ وسطی ایشیا سے مربوط ہماری معیشت اور تجارت کا یہ بہت بڑا کام ہوا ہے۔ انہوں نے امریکی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر تنازعات کے درمیان ہم نے چابہار معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔