داعش کا کام اس سال تمام: ہادی العامری
عراق کی البدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ اس سال دہشت گرد گروہ داعش کا خاتمہ ہو جائے گا بشرطیکہ حکومت اس سلسلے میں ضروری وسائل و امکانات فراہم کرے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق ہادی العامری نے اتوار کے روز عراق کے صوبے ذی قار میں ایک تقریب میں کہا کہ چیلنج بدستور موجود ہیں لیکن اگر حکومت ضروری وسائل و امکانات فراہم کرے تو اس سال پورے عراق میں داعش کا کام تمام ہو جائے گا۔
انھوں نے ملک میں اصلاحات انجام دینے کے لیے عراقی حکومت کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی اصلاح دہشت گرد گروہ داعش کو ملک سے نکالنا ہے؛ اس کے علاوہ اصلاحات کو داعش کے خلاف جنگ پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے یا جنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں تاخیر کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
البدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے یورپی ملکوں میں دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بھی کہا کہ آج یورپ والوں کو جن دہشت گردانہ حملوں کا سامنا ہے یہ شام کے عدم استحکام کا نتیجہ ہے۔