یمن کی المناک صورت حال، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ
عالمی ادارہ صحت نے یمن میں طبی مراکز کی صورت حال کو بحرانی قرار دیا ہے-
یمن میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے احمد شادول نے العالم ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یمن میں تقریبا ایک تہائی اسپتال اور طبی مراکز سعودی عرب کے حملوں کے نتیجے میں پوری طرح تباہ ہو چکے ہیں اور دوسرے اسپتالوں کو دوا اور ڈاکٹر میسر نہیں ہیں-
یمن میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے اس عرب ملک میں غربت کی صورت حال کے بارے میں کہا کہ انیس ملین یمنی شہری یعنی اس ملک کی تقریبا اسی فیصد آبادی کو خوراک اور دوا کی ضرورت ہے-
سعودی عرب چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر زمین اور فضا سے وحشیانہ حملے کر رہا ہے - ان حملوں میں اب تک سات ہزار سے زیادہ یمنی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں- یمن پر ہر روز ہونے والے سعودی اتحاد کے حملوں میں اس ملک کی اسی فیصد سے زیادہ بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں-