داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن
داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن جاری ہے
عراق سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کرکوک کے جنوبی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہےکہ پہلے مرحلے میں شہر کرکوک کے جنوب میں واقع علاقے البشیر کی آزادی کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق اتوار کو شروع کئے جانے والے اس آپریشن میں فوج کے ساتھ عوامی رضاکار دستوں کے جوان بھی شریک ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ کرکوک کے اسٹریٹیجک علاقے البشیر کی آزادی کے لئے جلد ہی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔
البشیر کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن ایسی حالت میں شروع ہوا ہے کہ داعش نے آٹھ مارچ کو البشیر اور تازہ نامی شہروں پر کیمیائی حملے کئے تھے۔ داعش کے ان حملوں میں دسیوں عام شہری مسٹرڈ گیس اور کلورین گیس سے متاثر ہوئے تھے۔
عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں عراقی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبہ نینوا کے مرکزی شہر موصل کے اطراف میں داعش کے ساتھ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی تازہ لڑائی میں بہت سے دہشت گرد مارے گئے جن میں داعش کا ایک دہشت گرد کمانڈر ابومحمد العراب بھی شامل ہے۔