Apr ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • او آئی سی کے سربراہی اجلاس کا ترکی میں آغاز

اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی کا تیرھواں سربراہی اجلاس جمعرات کو ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہوگیا۔

" انصاف اور آشتی کے لئے اتحاد ویک جہتی" ترکی کے شہر استنبول میں جمعرات سے شروع ہونے والے اوآئی سی کے دو روزہ سربراہی اجلاس کا سلوگن ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت اسلامی دنیا کو لاحق بنیادی مسائل استنبول اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی بدھ کی رات اس اجلاس میں شرکت کے لئے استنبول پہنچ گئے ہیں۔

یہ اجلاس ایسی حالت میں شروع ہوا ہے کہ عراق اور شام سمیت بہت سے اسلامی ممالک بدامنی اور دہشت گردی سے دوچار ہیں۔

مسئلہ فلسطین بھی او آئی سی کے استنبول اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ او آئی سی کے رکن ملکوں کے سربراہان مملکت ان اسلامی معاشروں کے مسائل کا بھی جائزہ لیں گے جو او آئی سی کے رکن نہیں ہیں ۔

سربراہی اجلاس سے پہلے استنبول میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اجلاس میں سعودی وفد کی کوششوں کو اتحاد ویک جہتی کے منافی قرار دیتے ہوئے اس قسم کے تخریبی اقدامات کے نتائج کی بابت خبردار کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ او آئی سی کے رکن ملکوں کی تعداد ستاون ہے اور اس تنظیم کا سربراہی اجلاس ہر تیسرے سال ہوتا ہے۔

ٹیگس