Apr ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • عراق میں دہشت گردی کی کارروائیاں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری

عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال اور جنوب میں دو دہشت گردانہ بم دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔

العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے شمال میں الشعب علاقے کے بازار کے قریب، ایک بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے جبکہ بغداد کے جنوب میں ایک اور بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب بغداد کی آپریشنل کمان نے صوبہ الانبار میں عراقی فورسز کی کارروائی میں داعش کے ستر دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔ دیالہ کی پولیس نے بھی ہفتے کے روز خبر دی ہے کہ اس نے اس صوبے میں گولہ بارود کے ایک ذخیرے پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس ذخیرے میں مختلف قسم کے ہتھیار، بم بنانے کے آلات اور دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔

ادھر صوبہ بابل میں مسلح افراد نے حصوہ کے علاقے میں تین گھروں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔ اس میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں ابھی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ عراق کے بعض علاقوں پر داعش کے دہشت گردوں نے دو سال قبل قبضہ کر لیا تھا جس میں انھیں سعودی عرب سمیت بہت سے ملکوں کی حمایت حاصل تھی۔

عراقی فورسز نے داعش کے زیرقبضہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک کئی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے اور یہ آپریشن بدستور جاری ہیں جن میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ٹیگس