حماس اور حزب اللہ کے عہدیداروں کے درمیان ملاقات
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ کے سیاسی امور کے عہدیداروں نے ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
لبنان میں ہونے والی اس ملاقات میں حماس اور حزب اللہ کے عہدیداروں نے فلسطین اور لبنان کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تبادلہ کیا۔ مذاکرات میں فلسطین اور لبنان کے عہدیداروں کے درمیان صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مذاکرات میں شریک حماس کے ایک عہدیدار جہاد طہ نے کہا ہے کہ لبنان اور فلسطین کے عوام، صیہونی امریکی سازشوں کے مقابلے میں عرب اور اسلامی ملکوں کے دفاع میں پیش پیش رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت نے عالم اسلام کے اتحاد کو نشانہ بنا رکھا ہے اور حماس اور حزب اللہ مل کر اس سازش کا مقابلہ کر رہی ہے۔
جہاد طہ نے فلسطینی علاقوں میں جاری تحریک انتفاضہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتفاضہ کی جڑیں فلسطینی عوام کی اقدار میں پیوست ہیں اور اسے ناکام نہیں بنایا جا سکتا۔