عراق: دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکے
عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
فرات نیوز کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے مغرب میں جمعرات کو ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے جبکہ بغداد کے جنوب مغرب میں واقع ایک بازار میں ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مغربی صوبے الانبار کے شہر الکرمہ کے کئی دیہاتوں کو آزاد کرا لیا ہے۔ دوسری جانب صوبہ الانبار میں عراقی فضائیہ کی بمباری میں پندرہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ادھر صوبہ الانبار میں ہیت قبائل کے سردار شیخ نعیم الکعود نے کہا ہے کہ داعش کے قبضے سے ہیت شہر آزاد ہونے کے بعد سات سو قبائلی افراد اس شہر میں پہنچ گئے ہیں۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ صلاح الدین کے شمال میں مکحول پہاڑیوں پر دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں دہشت گردوں کی مشین گن بردار کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور اس ٹھکانے میں موجود کئی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔