May ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • جنوبی عراق میں دو کار بم دھماکے، درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی

عراق کے صوبے المثنی میں ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں سو سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

خبروں کے مطابق کار بم کے یہ دھماکے صوبہ المثنی کے صدر مقام سماوہ میں تھوڑے تھوڑے وقفے سے ہوئے۔عراقی حکام نے اڑتیس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ چھیاسی افراد زخمی بھی بتائے جاتے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

اسپتال کے ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

داعش نے دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

ہفتے کے روز عراقی دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے نہروان میں بھی زائرین کے قافلے کے راستے میں ہونے والے بم دھماکے میں چوبیس افراد شھید اور بیالیس زخمی ہوگئے تھے۔

عراق کے دارالحکومت بغداد اور اس کے نواحی علاقوں میں اکثر کار بم دھماکے اور دہشت گردانہ حملے ہوتے رہتے ہیں جس میں زیادہ تر عام شہری مارے جاتے ہیں۔

ٹیگس