عراق: بابل میں بم دھماکہ، پانچ افراد جاں بحق
عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں واقع صوبے بابل میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن کے مطابق یہ بم دھماکہ، الحصوہ کے قبرستان میں اس وقت ہوا جب لوگ وہاں کسی کی تدفین کے لئے جمع ہوئے تھے۔ اس بم دھماکے میں چودہ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
دارالحکومت بغداد کے جنوب میں ساٹھ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع صوبے بابل کے شہر الحصوہ میں، مارچ میں بھی ایک اسٹیڈیم میں ہونے والے خودکش حملے میں تیس افراد جاں بحق اور اسّی سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
اس شہر میں حالیہ برسوں کے دوران کئی خونریز واقعات پیش آئے۔ جس کے بعد حکومت عراق نے اس شہر سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے فوجی آپریشن کر کے اس علاقے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا اور اس شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا تاہم اس علاقے میں اب بھی دہشت گردی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔