تحریک حماس کی صیہونی حکومت کے خلاف جد و جہد جاری رکھنے پر تاکید
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رہنما اسماعیل ہنیہ نے صیہونی حکومت کے خلاف جد و جہد جاری رکھنے پر زور دیا ہے
حماس کے سینیئر رہنما اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے ایک کیمپ میں آتشزدگی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تین بچوں کی آخری رسومات کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کئے جانے کی راہ میں فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے رکاوٹ کھڑی کئے جانے کا اقدام قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ صیہونی جارحیتوں کے مقابلے میں بدستور ثابت قدم رہے گا اور استقامت کا مظاہرہ کرتا رہے گا-
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب حماس کا فوجی بازو قسام بریگیڈغزہ کی سرحدوں کا دفاع کر رہا ہے اور صیہونی حکومت کے جنگی طیارے غزہ پر بمباری کر رہے ہیں الشاطی کیمپ سے تین فلسطینی بچوں کی شہادت کی خبرسننے کو ملی ہے -
انہوں نے کہا یہ تینوں بچے شہید ہیں کیونکہ محاصرے اور جنگ کے نتیجے میں ان بچوں کی شہادت ہوئی ہے- ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان بچوں کے گھر میں شمع روشن کی جاتی تھی اور اسی سے آگ لگی- انہوں نے کہا کہ حادثے کی ذمہ دار صیہونی حکومت ہے جس نے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے -