May ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • عراقی پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع

عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری نے موجودہ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کا اعلان کردیا ہے۔

بغداد سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسپیکر سلیم الجبوری نے اپنے آئینی اختیارات سے کام لیتے ہوئے پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کردی ہے ۔

عراقی اسپیکر سلیم الجبوری کے دفتر نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات، بلوں کی منظوری کی ضرورت اور قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے ۔

اس بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ اسپیکر سلیم الجبوری نے پارلیمنٹ میں توسیع کا اعلان عراق کے آئین میں دیئے گئے اختیارات کے دائرے میں کیا ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون اور پارلیمنٹ کے ہال میں مظاہرین کے داخل ہوجانے کے بعد عراق کے سیاسی حالات پیچیدہ ہوگئے تھے جس کے بعد پارلیمنٹ کے اجلاس معمول کے مطابق نہیں ہوسکے ہیں ۔

دوسری جانب عراق کے صدر فواد معصوم نے ملک کی وفاقی عدالت سے درخواست کی ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کی قانونی حیثیت کے بارے میں جلد فیصلہ کرے تاکہ پارلیمنٹ اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھ سکے ۔

انھوں نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی قانونی حیثیت کے بارے میں فیڈرل کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنا ہر ایک کے لئے ضروری ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ اختلاف کے شکار پارلیمانی دھڑوں کو جلدازجلد اپنے اختلافات ختم کرکے کسی اتفاق رائے تک پہنچنا چاہئے تاکہ سیاسی بحران کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔

عراق کے صدر نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ موجودہ حالات میں وزیر اعظم کو تبدیل کرنا مناسب نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر ا‏عظم کو تبدیل کرنے اور نئے وزیر ا‏عظم کی تقرری میں گزشتہ برسوں کی مانند کافی وقت لگے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی نہیں ہیں ۔

عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بھی ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے اختلافات ختم کرنے اور بحران کے حل میں تعاون کی اپیل کی ہے-

ٹیگس