مسافرطیارے کی تباہی کے معاملے میں دہشت گردی کے امکان کو مستردنہیں کیا جاسکتا: مصری وزیراعظم
مصر کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایجیپٹ ایئر کے مسافرطیارے کی تباہی کے معاملے میں دہشت گردی کے امکان کو مستردنہیں کیا جا سکتا ہے۔
مصر کے وزیراعظم شرف اسماعیل نے پیرس سے قاہرہ جانے والے ایجیپٹ ایئر کے مسافر طیارے کے حادثے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس حادثے میں دہشتگردانہ کارروائی کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا- مصر کے مسافر طیارے کے حادثے کے بعد مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس تشکیل دیا ہے-
مصری ہوائی کمپنی ایجیپٹ ایئر کا مسافرطیارہ پیرس کے ہوائی اڈے سے پرواز کرنے کے بعد راڈار سے غائب ہو گیا تھا-
ادھر فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ طیارہ یونان کے علاقے میں گرکر تباہ ہو گیا ہے- اسی کے ساتھ فرانس کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا ہے۔
طیارے میں چھپن مسافر اور عملے کے دس افراد سوار تھے -طیارے میں تیس مصری، پندرہ فرانسیسی، اور برطانیہ بیلجیم ،کینیڈا اور پرتگال جیسے ملکوں کےبھی ایک ایک مسافر سوار تھے جبکہ کویت، سعودی عرب، عرا ق، سوڈان اور چاڈ کے بھی شہری اس طیارے میں سفر کر رہے تھے -