May ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • طیارہ حادثے میں کسی امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا، مصری صدر

مصر کے صدر نے مسافر طیارے کے حادثے میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔

المصریہ ٹی وی کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر طیارے کے حادثے میں کسی بھی امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوتے ہی اس کے نتائج اور حادثے کی وجوہات سے میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

مصر کا ایک مسافر بردار طیارہ جمعرات کے روز فرانس کے دارالحکومت پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ مصر کی وزارت شہری ہوا بازی نے ہفتے کے روز ان خبروں کو مسترد کر دیا تھا کہ طیارے کے کاک پٹ میں دھویں کا مشاہد ہ کیا گیا ہے۔ فرانس کے ایوی ایشن ریسرچ سینٹر نے اپنی ابتدائی تجزیاتی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہونے والے مصری طیارے کے کاک پٹ میں دھواں بھر گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ مصری ایئر لائن کا ایئر بس طیارہ، چھیاسٹھ مسافروں کے ساتھ جمعرات کو قاہرہ سے پیرس کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم پرواز کے کچھ دیر کے بعد کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ بعد ازان مصری حکام نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ اور اس میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔

دہشت گرد گروہ داعش نے مصری طیارے کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ قبل ازیں مصر کے علاقےشرم الشیخ میں گرنے والے روسی مسافر طیارے کی تباہی کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔

ٹیگس