یمن میں ہادی منصور سے وابستہ مسلح عناصر کو بھاری جانی نقصان
جنوبی یمن میں دو خوفناک دھماکوں کے نتیجے میں، اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی سے وابستہ دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے-
ایسو شی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ آج پیر کو شہر عدن کے بدر نامی فوجی اڈے میں بم دھماکے کے نتیجے میں ، اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی سے وابستہ پینتالیس افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے-
دوسری جانب شہر عدن میں ایک شخص نے منصور ہادی کے افراد کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں پچیس افراد مارے گئے- در ایں اثنا اعلان کیا گیا ہے کہ جنوب مشرقی یمن کے صوبے حضرموت میں ایک پٹرول پمپ کے نزدیک ہونے والے کار بم دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے-
ابھی تک کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس سے قبل، یمن کے مختلف علاقوں میں یمنی عوام کے مختلف طبقوں کے خلاف، القاعدہ کے دہشت گرد اس طرح کے حملے کرچکے ہیں-یمن سے ایک اور خبر یہ ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ الجوف کے المعیمرہ علاقے پر متعدد بار بمباری کی ہے جس کے نتیجے تین بچے بری طرح زخمی ہوگئے-