لیبیا میں داعش کے خلاف آپریشن
لیبیا میں فوج نے شہر سرت کا محاصرہ کر لیا ہے جو داعش کا مرکز ہے ۔
مغربی نیوز ایجنسیوں کے مطابق لیبیا کی قومی وفاق کی حکومت کی فوج کے ترجمان محمد القصری نے اتوار کو اعلان کیا کہ فوج نے شہر سرت کا محاصرہ کر لیا ہے جو داعش کا مرکز ہے ۔ لیبیا کی فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہر سرت سے پندرہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک بجلی گھر کو بھی فوج نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ سرت ودان شاہراہ بھی فوج کے کنٹرول میں ہے۔
لیبیا کی قومی وفاق کی حکومت کی فوج کے ترجمان محمد القصری نے بتایا ہے کہ شہر سرت کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر سرت کے اندر سے رپورٹ ملی ہے کہ داعش کے دہشت گرد، شہریوں کو شہر سے نکلنے سے روک رہے ہیں ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کے فوجی ، سرت کے مشرق میں مرادہ وزلہ اور المبروک، جنوب میں النوقلیہ اور مغرب میں الزنتان نامی سیکٹروں پر تعینات ہوگئے ہیں ۔
ان رپورٹوں کے مطابق جنوبی لیبیا میں واقع فضائیہ کے راس لانوف مرکز کو بھی داعش کے خلاف جنگ اور شہر سرت کو واپس لینے کے آپریشن میں شرکت کے لئے ضروری وسائل سے لیس کر دیا گیا ہے ۔