May ۳۰, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • شہر فلوجہ کی مکمل آزادی پر بدر بریگیڈ کی تاکید

عراق کی بدر بریگیڈ کے سربراہ نے دہشت گردوں کے قبضے سے مغربی عراق کے شہر فلوجہ کی مکمل آزادی کے لئے کارروائی جاری رہنے پر تاکید کی ہے-

عراق کی بدر تنظیم کے سربراہ اور عوامی رضار کار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر ہادی العامری نے ارنا کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ فلوجہ عراق کا ایک شہر ہے اور عراق کے باشندوں سے متعلق ہے اور خود عراقی عوام ہی اسے داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائیں گے-

ہادی العامری نے فلوجہ شہر کو آزاد کرانے کی کارروائی کے خلاف، بعض علاقائی ملکوں کے اظہار خیالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس ان مداخلت پسندانہ خیالات کو اہمیت نہیں دیتی اور وہ داعش دہشت گردوں کے قبضے سے فلوجہ شہر کو مکمل طور پر آزاد کرانے میں کوشاں ہے-

عراق کے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کا آغاز، تیئیس مئی سے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم سے ہوا ہے- اس کارروائی میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اورعراقی قبائل کے افراد شامل ہیں-

عراقی فوج، فلوجہ کے مشرق میں واقع شہر الکرمہ سمیت متعدد علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوئی ہے- فلوجہ کی کارروائی، اتوار کو عراقی فورسز کے اس شہر میں داخل ہونے کے ساتھ ہی اپنے اختتامی اور فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئی ہے-

ٹیگس