تحریک حماس کی، ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں دلچسپی
تحریک حماس کے رہنما موسی ابو مرزوق نے کہا ہے کہ حماس اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں دلچسپی رکھتی ہے-
فلسطین کے اطلاع رسانی کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے رہنما موسی ابو مرزوق نے کہا ہے کہ ایران عالم اسلام کا ایک بڑا ملک ہے کہ جس کے ساتھ ماضی میں بھی ہمارے تعلقات رہے ہیں اور اب بھی ہم ان تعلقات کو برقرار رکھنے میں کوشاں ہیں اور بعض ملکوں کے آپسی مسائل، اس سلسلے میں مانع نہیں بن سکتے- ابو مرزوق نے کہا کہ حماس مذہبی اور نسلی مسائل پر توجہ کئے بغیر دیگر علاقائی فریقوں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور اس مسئلے کو اپنے اور ملت فلسطین کے فائدے میں سمجھتی ہے
انہوں نے کہا کہ تحریک حماس، فلسطینیوں اور عرب ملکوں منجملہ مصر کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلاف کی روک تھام میں کوشاں ہے کیوں کہ یہ ملک رفح گذرگاہ کے ذریعے غزہ کو دنیا کے دیگر ملکوں سے ملانے کا اہم رابطہ شمار ہوتا ہے-
موسی ابو مرزوق نے تحریک حماس اور تحریک فتح کے درمیان قومی آشتی کے مسئلے کے بارے میں کہا کہ فریقین نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد ملاقاتیں انجام دی ہیں اور اس سلسلے میں ان کے درمیان سمجھوتہ بھی طے پایا ہے