Jun ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۶ Asia/Tehran
  • قومی حکومت کی تشکیل،عالمی ضمانتوں کے ساتھ مشروط ہے: تحریک انصاراللہ یمن

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے ملک میں قومی حکومت کی تشکیل کو عالمی ضمانتوں کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔

المنار ٹیلی ویژن کے مطابق کویت میں جاری امن مذاکرات میں شریک انصار اللہ کے وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے اس بات کی عالمی ضمانت فراہم کی جائے کہ ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی عبوری دور میں پوری طرح غیر جانبدار رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے جبکہ توقع ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کو سیکورٹی فورس میں شامل کر لیا جائے گا۔ انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ قومی مذاکرات کے نتائج کی بنیاد پر، عوامی رضاکاروں کو سیکورٹی اداروں میں شامل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

دوسری جانب انصاراللہ کی مذاکراتی ٹیم کے رکن حمید عاصم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی غرض سے ڈالے جانے والے کسی بھی دباؤ کو ہر گز قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات اور گفتگو ہی بحران کے حل کا واحد راستہ ہے اور کوئی ایک فریق ملک پر تنہا حکومت کرنے کا حق نہیں رکھتا۔

یمن کے بارے میں امن مذاکرات چھے ہفتے سے کویت میں جاری ہیں، تاہم ریاض کے وفد کی رخنہ اندازیوں کی وجہ سے مذاکرات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیگس