Jun ۰۵, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی
    عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی

عراقی وزیر اعظم نے داعش دہشت گرد گروہ کے حامی سیٹلائٹ چینلوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے-

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے اس ملک کے ٹی وی چینل سے نشر ہونے والی تقریر میں داعش کے حامی سیٹلائٹ چینلوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سیٹلائٹ چینلوں نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کے آغاز کے اعلان کے ساتھ ہی داعش کا دفاع بھی شروع کردیا ہے- العبادی نے  کہا کہ سیٹلائٹ چینلوں کا یہ اقدام ،بے گناہ انسانوں کے مارے جانے کا باعث بنا ہے- عراقی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کا ملک عنقریب ہی داعش کی ترویج کرنے والے سیٹلائٹ چینلوں کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں شکایت کرے گا- عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے گذشتہ منگل کے روز بھی بعض عرب ذرائع ابلاغ سے اپیل کی تھی کہ وہ فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کے تعلق سے اپنے فتنہ انگیز، اشتعال انگیز اور غیر صحیح بیانات اور خبریں شائع کرنا بند کردیں-

واضح رہے کہ عراقی وزیر اعظم نے تئیس مئی کو شہر فلوجہ کو داعش دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرانے کی کارروائی کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے فلوجہ کی آزادی کی کارروائی شروع ہونے سے لے کر اب تک، متعدد علاقوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرالیا ہے- عراقی حکام کا کہنا ہے کہ شہر فلوجہ میں چار سو سے چھ سو تک دہشت گرد موجود ہیں-

ٹیگس