رمادی پر داعش کا حملہ ناکام، درجنوں دہشت گرد ہلاک
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الانبار میں جاری آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
عراقی فوج کے ایک کمانڈر محمود فلاجی نے الفرات ٹیلی ویژن چینل کو بتایا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الانبار کے مرکز رمادی پر داعشی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کارروائی میں کم سے کم چالیس دہشت گرد مارے گئے۔ عراقی سیکورٹی فورس کے جوانوں نے بارودی مواد سے لدی دہشت گردوں کی متعدد گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے پیر کے روز صوبہ الانبار کے شہر حدیثہ پر داعش کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے تیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
داعش کے دہشت گردوں نے فلوجہ میں اپنی شکست سے بچنے کے لیے صوبہ الانبار کے دیگر علاقوں پر حملے شروع کر دیئے ہیں۔
عراقی وزیراعظم نے تیئیس مئی کو فلوجہ شہرکو دہشت گردوں کے قبضے سے آ زاد کرانے کے لیے ایک بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا۔ دو ہفتے قبل شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوان فلوجہ میں داخل ہو گئے ہیں اور انہوں نے شہر کے متعدد نواحی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی سیکورٹی فورس نے صقلاویہ کے جنوب میں واقع علاقے ارزکیہ سے داعش کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔