ترکی میں پولیس اسٹیشن کے سامنے کار بم دھماکہ، متعدد ہلاک اور زخمی
جنوب مشرقی ترکی کے صوبے ماردین کے ایک پولیس اسٹیشن کے سامنے ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ دھماکہ ایک کار میں ہوا جسے ماردین کے شہر میدیات میں ایک پولیس اسٹیشن کے سامنے پارک کیا گیا تھا۔ میدیات شہر شام کی شمالی سرحد کے قریب واقع ہے اور اس کی زیادہ تر آبادی کردوں پر مشتمل ہے۔
ترک اخبار ملیت کے مطابق کار بم دھماکے کے بعد پولیس اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ حالات پر قابو پانے کے لیے مزید پولیس اہلکاروں کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی صحیح تعداد کے بارے میں ذرائع نے کچھ نہیں بتایا۔ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کم سے کم دو سیکورٹی اہلکار ہلاک اور بیس کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
منگل کے روز ترکی کے تاریخی اور سیاحتی شہر استنبول میں ہونے والے دھماکے میں گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ تاحال کسی شخص یا گروہ نے منگل اور بدھ کو ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔