بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف مظاہرے
بحرین میں شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے شرکا نے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بحرین کے شمال مغربی علاقے میں جمعے کے روز سیکڑوں افراد نے جمیعت وفاق ملی کے اسیر رہنما شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہونے والے اس مظاہرے کے شرکا شیخ علی سلمان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بحرین کی شاہی حکومت نے شیخ علی سلمان کو دو ہزار چودہ کے آخری دنوں میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر بیرونی طاقتوں کے ایما پر شاہی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں کا الزام ہے۔
جون دوہزار پندرہ میں شیخ علی سلمان کو وزارت داخلہ کی توہین اور لوگوں کو قانون شکنی کی ترغیب دلانے کے الزام میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم رواں سال تیس مئی کو ان کی سزائے قید کی مدت کو بڑھا کر نو سال کر دیا گیا ہے۔
جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے خلاف جو ملک میں عوامی جمہوری حکومت کی تشکیل کے لئے پرامن تحریک چلا رہے ہیں، ملک و بیرون ملک میں سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شیخ سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔