Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • ننگرہار کی جامع مسجد میں دھماکہ، ساٹھ سے زائد نمازی جاں بحق اور زخمی

افغانستان کے صوبے ننگرہار کے رودات شہر کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں ساٹھ سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ رودات شہر کی حصارک جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا۔ دھماکے میں مسجد کے خطیب سمیت کم سے کم چار نمازی جاں بحق اور ساٹھ دیگر ز خمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت نازک ہے جس کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد مسجد کے منبر میں چھپایا گیا تھا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان نے مزید کہا کہ افغان سیکورٹی فورس نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تاحال کسی شخص یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اس سے قبل پچیس دسمبر دوہزار پندرہ کو صوبہ بغلان کے شہر پل خمری کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں اٹھارہ نمازی جاں بحق ہوگئے تھے۔

سن دوہزار ایک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر امریکی لشکر کشی کے بعد سے افغانستان شدید بدامنی کا شکار چلا آرہا ہے۔

ٹیگس