تحریک انتفاضہ کا دائرہ مزید پھیلایا جائے: حماس کی اپیل
فلسطین کی اسلامی مزاحتمی تحریک حماس نے تحریک انتفاضہ کا دائرہ بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
حماس کے جاری کردہ بیان میں غرب اردن کے علاقے سے فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اس بیان میں آیا ہے کہ گرفتاریوں کے نتیجے میں اپنے جائز حقوق کی جدوجہد میں فلسطینیوں کا عزم اور بھی مضبوط ہوگا۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کے مجرمانہ اقدامات اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون، غاصبوں کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز اور قانونی جدوجہد میں کوئی خلل نہیں ڈال سکتا۔
فلسطینی قیدیوں کی انجمن کے مطابق پچھلے چند برس کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی گرفتاریوں کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت تقریبا سات ہزار فلسطینی اسرائیل کی مختلف جیلوں میں بند ہیں جن میں چار سو بچے اور ستر خواتین بھی شامل ہیں۔