داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن
عراق کے شہر فلوجہ میں داعش کے گرد عراقی افوج کا گھیرا تنگ ہو گیا ہے
ہمارے نمائندے نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلوجہ کے اطراف میں المعامیر کی پہاڑیوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن میں داعش کے ایک سو بیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عراقی افواج نے اسی طرح داعش کے نصب کردہ سیکڑوں بموں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کے کمانڈر نے بتایا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کا آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک داعش کے پانچ سو سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں ۔
جنرل اسماعیل المحلاوی نے بتایا ہے کہ صوبہ الانبار کے مرکزی شہر رمادی پر داعش کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا گیا ۔
دوسری طرف صوبہ الانبار کے شہر الرطبہ کے حاکم عماد الدلیمی نے اعلان کیا ہے کہ اس شہر کے ستر فیصد باشندے اپنے گھروں میں واپس آگئے ہیں ۔
عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے علاقے الشرقاط میں عراقی فضائیہ کی بمباری میں داعش کے بہت سے دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
الشرقاط عراق کے صوبہ صلاح الدین میں داعش کا اہم ترین مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اس شہر پر جولائی دو ہزار چودہ سے داعش کا قبضہ ہے۔