Jun ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • نائیجیریا: بوکوحرام کے حملے میں چوبیس افراد جاں بحق

نائیجیریا کے صوبے آداماوا میں واقع کودا نامی دیہات میں دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے تشییع جنازہ میں شامل لوگوں پر حملہ کر کے چوبیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق بوکوحرام نے اس حملے کے بعد دیہات کے باشندوں کے گھروں میں لوٹ مار کی اور ان کے مکانات کو آگ لگا دی۔ کودا دیہات کے ایک باشندے کا کہنا ہےکہ اس دیہات کی متعدد خواتین لاپتہ ہوگئی ہیں اور ممکن ہے کہ دہشت گردوں نے ان کو اغوا کرلیا ہو۔

ایک اورعینی شاہد نے بتایا کہ بوکو حرام کے عناصر موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے لوگوں پر حملہ کر کے چوبیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، انہوں نے اشیائے خورد و نوش کی لوٹ مار کی ، گھروں کو آگ لگائی اور تقریبا ایک گھنٹے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔ مقامی پولیس کے ترجمان عثمان ابوبکر نے مارے جانے والوں کی تعداد اٹھارہ بتائی ہے اور کہا ہےکہ بہت سے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ بوکوحرام کے حملوں میں اب تک تقریبا بیس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ دو اعشاریہ پانچ ملین افراد بے گھر ہوچکےہیں۔ دہشت گرد گروہ بوکوحرام کا مقصد نائیجیریا کی حکومت کو گرانا ہے۔

 

ٹیگس