Jun ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • فلوجہ شہر سے تکفیری داعشی دہشت گردوں کا تقریبا صفایا

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے فلوجہ شہر سے تکفیری داعشی دہشت گردوں کا تقریبا صفایا کردیا ہے۔

عراقی فوج کے فلوجہ آپریشن کے کمانڈر جنرل عبدالوہاب الساعدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ شمالی اور وسطی فلوجہ کے بعض علاقوں کو چھوڑ کر پورے شہر کو داعشی تکفیری دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے بچے کچے عناصر المعلمین اور جولان نامی علاقے میں چھپے ہوئے ہیں جہاں فوج نے انکا محاصرہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام شہریوں کے تحفظ کی خاطر محتاط انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی فورس کا دستہ اور پولیس فورس کے جوان، فلوجہ کے شمالی علاقوں میں داعش کا صفایا کرنے میں مصروف ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے تئیس مئی کو صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا۔ عراقی فوج نے سترہ جون کو بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فلوجہ شہر کے مرکزی علاقے تک پیشقدمی کی تھی اور اہم عمارتوں کو اپنے کنٹرول میں لینے کے بعد وہاں قومی پرچم لہرا دیا تھا۔

ٹیگس