Jun ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
  • بغداد میں دو دھماکے، تین جاں بحق، متعدد زخمی

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں کم سے کم تین افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔

عراقی ذرائع کے مطابق ایک دھماکہ، بغداد کے علاقے لطیفیہ کے ایک بازار میں ہوا جس میں دو افراد جاں بحق اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ دوسرا دھماکہ، شمالی بغداد کے علاقے الشعب میں ہوا جس میں کم سے کم ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں چھے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

گزشتہ جمعرات کو بغداد کے نواحی علاقے ابوغریب میں ہونے والے کار بم کے ایک دھماکے میں عوامی رضاکار فورس کا ایک جوان شہید اور چار دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے فلوجہ اور موصل میں اپنی ناکامیوں سے بوکھلا کر عراق کے مختلف شہروں میں کار بم دھماکوں اور خودکش حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

حالیہ چند ہفتوں کے دوران بغداد اور عراق کے دیگر شہروں میں داعشی دہشت گردوں کے حملوں اور بم دھماکوں میں درجنوں عراقی شہری مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس