Jun ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • فلوجہ، داعشی دہشت گردوں سے مکمل پاک، فوجی آپریشن کے خاتمے کا اعلان

عراقی فوج نے فلوجہ شہر کے آخری علاقے کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد، اس شہر میں فوجی آپریشن کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

فلوجہ آپریشن کے کمانڈر جنرل عبدالوہاب الساعدی نے اتوار کے روز کہا ہے کہ داعشی دہشت گردوں کے ساتھ ایک ماہ کی لڑائی اور شہر کی مکمل آزادی کے بعد فلوجہ میں جاری فوجی آپریشن ختم ہوگیا ہے۔ عبدالوہاب الساعدی نے کہا کہ سیکورٹی فورس اور عوامی رضاکاروں نے فلوجہ شہر سے داعشی دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا ہے۔

فلوجہ آپریشن کے کمانڈر نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران ایک ہزار تین سو سے زائد داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

ادھر فلوجہ آپریشن کے ترجمان صباح النعمان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکاروں نے اتوار کے روز فلوجہ میں داعش کے زیر قبضہ آخری علاقے جولان کو بھی آزاد کرالیا ہے۔

داعش کے دہشت گردوں نے دوسال سے زیادہ عرصہ سے فلوجہ شہر پر قبضہ کر رکھا تھا۔ عراقی فوج نے تیئس مئی سے فلوجہ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

ٹیگس