عراقی دارالحکومت میں بم کا دھماکہ، متعدد جاں بحق اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
عراقی ذرائع کے مطابق بم کا یہ دھماکہ اتوار کے روز شمالی بغداد کے علاقے طارمیہ میں ہوا جس کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد جاں بحق اور نو دیگر زخمی ہوگئے۔
ہفتے کے روز بھی بغداد کے دو علاقوں لطیفیہ اور الشعب میں ہونے والے الگ الگ بم دھماکوں میں کم سے کم تین افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے۔ بعض ذرائع نے عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ایک کنوائے کے راستے میں بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی خبرد ی ہے، تاہم سرکاری ذرائع نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔
عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت متعدد شہروں میں کچھ عرصے سے داعش کے خودکش حملوں اور بم دھماکوں میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ لوگ مارے جاچکے ہیں۔
داعشی دہشت گرد ٹولہ فلوجہ میں اپنی شکست اور ناکامی کا انتقام لینے کے لیے ، عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔